پاکستان کی سرحدیں ناقابل تسخیر مہم جوئی کا منہ توڑ جوا دیا جائیگا: جلیل عباس جیلانی

شکاگو امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدیں ناقابل تسخیر ہیں اور سرحد پار سے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے سب کنونشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن ایسٹ ویسٹ یونیورسٹی میں شکاگو الی نائے میں ہوا۔ جلیل عباس جیلانی نے پاکستانی کمیونٹی کو وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی پر عالمی برادری کو پُراثر پیغام دیا ہے۔ انہوں نے پاک امریکا تعلقات کی نوعیت پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لئے ضروری ہے کہ وہ سیاسی ، سماجی سطح پر بھرپور طریقے سے متحرک ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تاریخ میں پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کئے ہیں اور دہشتگردوں کو منہ موڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور روس جیسے ممالک بھی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کارروائیوں کے تجربے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی تنہائی کے تاثر کو منفی قرار دیا اور کہا کہ نیویارک میں پاکستانی وزیراعظم سے برطانیہ، چین ، نیوزی لینڈ، ایران اور امریکی ہم منصبوں نے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت فروغ پذیر ہے اور مستحکم ہو رہی ہے۔ اس موقع پر شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل فیصل نیاز ترمذی نے سفیر جلیل عباس جیلانی کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل بیٹھنے اور بات چیت کرنے کیلئے وقت نکالا۔ واشنگٹن میں پاکستان کے دفاعی اتاشی بریگیڈیئر سرفراز علی نے پاکستانی کے اندرونی و بیرونی سلامتی پر خطاب کیا۔ شکاگو میں کامرس قونصلر امیر ترین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول پر پریزینٹیشن دی۔ تقریب کے آخر میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کیلئے سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا۔ اس موقع پر تجویز دی گئی کہ امریکا میں پاکستان کا درست تشخص اجاگر کرنے اور پاکستان امریکا تعلقات کیلئے فورم تشکیل دینے کی غرض سے ایک پبلک ریلیشنز فرم کی خدمات حاصل کی جائیں، تعلیمی اداروں ، تنظیموں میں لیکچرز کا سلسلہ شروع کیا جائے۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *