ابوظہبی ٹیسٹ دوسرا دن؛ ویسٹ انڈیز کے 452 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں پر 106 رنز

632383-we-1477150347-112-640x480ابو ظہبی: ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے دوسرے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنالیے ہیں۔
ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے 452 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لیے ہیں۔
دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو مصباح الحق 90 اور نائٹ واچ مین یاسر شاہ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے، یاسر شاہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، سرفراز احمد نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد نواز نے 25 اور سہیل خان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے 5 اور جیسن ہولڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ روندرا بشو اور کریگ بریتھ ویٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی جب کہ قومی بولروں نے ویسٹ انڈین بیٹسمنوں کو پریشان کیے رکھا، راحت علی نے 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست
کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم نے کیا تاہم ڈے اینڈ نائٹ میچ میں ٹرپل سنچری بناکر تاریخ رقم کرنے والے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ سمیع اسلم بھی صرف 6 رنز ہی بناسکے جس کے بعد اسد شفیق نے ٰڈینگی سے فائٹ کرکے ٹیم میں واپس آنے والے یونس خان کے ساتھ مل کر 87 رنز جوڑے اور 68 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔
یونس خان وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان مصباح الحق کے ہمراہ 175 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران تجربہ کاربیٹسمین نے اپنے کیرئیر کی 33 ویں سنچری اسکور کی لیکن وہ پہلے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے ہی 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ مصباح الحق 90 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان 4 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *