9

جاپان ڈاٹ نیٹ اردو کے ناصر ناکاگوا کی ٹورونٹو آمد

(رپورٹ نامہ نگار) اردو کی جاپان سے آن لائن ویب سائٹ اردو جاپان ڈاٹ نیٹ کے روح رواں ناصر ناکاگوا آجکل کینیڈا کے دورے پر تشریف لائے ہوئے ہیں۔ ان کے اعزاز میں شہر میں متعدد تقریبات منعقد کی گئیں ۔

ایجکس میں مقیم معروف کاروباری اور ادب ذوق شخصیت رضوان محمد اور انکی بیگم معروف ابھرتی ہوئی شاعرہ ردا فاطمہ نے جاپان سے آئے ہوئے مہمان ناصر ناگاگوا کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں اہل علم و فن اور قلمکاروں نے شرکت کی ۔

مہمان قلم کار ناصر ناکاگوا نے اپنی تصانیف کا تعارف پیش کیاور کچھ اقتباسات پڑھ کر سنائے ۔۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی کتاب پر دستخط کرکے مہمانوں کو بھی پیش کی ۔ واضح رہے کہ ناصر ناکاگواایک طویل عرصہ سے جاپان میں مقیم ہیں جہاں صرف دس ہزار کے قریب پاکستانی مختلف علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ناصر ناکاگوا نے اردوکا علم جاپان میں اردو ویب سائٹ کے ذریعے بلند کر رکھا ہےجو ایک قابلِ تحسین کاوش ہے ۔

تقریب میں سابق سفیر اور معروف شاعر کرامت غوری، برصغیر کی نامور شاعرہ ذکیہ غزل ،سینر جرنلسٹ توصیف سید، راول ٹی وی کے اینکر ، کالم نگار وشاعر انیس فاروقی، تقدیسِ ادب کے بانی اراکین آصف مسعود جامعی، فرینڈز انڈیڈ کے وقار رئیس ، شبنم رومانی کے صاحبزادے فیصل عظیم، خوش گلو شاعر افضال نوید، سکندر ابوالخیر، عدیل صدیقی، درخشاں صدیقی کے علاوہ اہلِ علم و فن خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایک شعری نشست کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس کی نظامت ردا فاطمہ نے سرانجام دیں اور شعرائے کرام نے اپنے کلام سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

آخر میں میزبان رضوان محد اور ردا فاطمہ کی جانب سے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور پرتکلف عشایہ سے ان کی تواضع کی گئی۔




Leave a Reply