کراچی: وزیراعظم کی جانب سے برآمدی پیکیج کے اعلان کو1ماہ گزرنے کے باوجود اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے تاحال برآمدکنندگان کے ڈیوٹی ڈرابیک کیلیے نئے احکام جاری نہیں ہوسکے جبکہ وفاقی وزارت تجارت وٹیکسٹائل انڈسٹری کی جانب سے فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کا پانچواں اجلاس دوسری مرتبہ ملتوی کر دیا گیا ہے جو اب 16 فروری کو ہوگا۔

ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹرکے برآمدکنندگان کو وزیراعظم کے اعلان کردہ ترغیبی پیکیج کے پیچیدہ طریقہ کارنے الجھادیا ہے اور وہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیوٹی ڈرا بیک کے نئے احکام تاحال جاری نہ ہونے پرشدید اضطراب سے دوچارہیں جنھیں ٹیکسٹائل بورڈ کے اجلاس میں پیکیج کی وضاحت کی امید تھی تاہم اجلاس ہی ملتوی کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب برآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے برآمدی پیکیج کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسپورٹرز کی برآمدی آمدنی ملک میں پہنچنے کے 90 یوم کے اندرہی انہیں اپنے ڈیوٹی ڈرا بیک کے کلیمزجمع کرانے ہیں اور مقررہ 3 ماہ گزرنے کے بعد کوئی بھی برآمدکنندہ ڈیوٹی ڈرابیک سہولت کا اہل نہیں ہوگا۔