742097-pslcrowdweb-1487388090-142-640x480

شارجہ نے پی ایس ایل کی رونقیں دوبالا کر دیں

شارجہ: 

شارجہ کے باسیوں نے پی ایس ایل کی رونقیں دوبالا کر دیں اور یہاں کے باسی کرکٹ کے دیوانے اور گراؤنڈ میں میچ دیکھ کر دن بھر کام کی تھکن بھول جاتے ہیں۔

برطانوی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شارجہ اور دبئی میں ویسے تو زیادہ فاصلہ نہیں لیکن کرکٹ جنون کے حوالے سے دونوں شہروں میں فرق نمایاں ہے، پی ایس ایل کے میچز شارجہ میں آتے ہی یہاں کے باسیوں میں کرکٹ جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے اور وہ میچز دیکھنے کیلیے جوق در جوق گراؤنڈ کا رخ کر رہے ہیں۔ میچ شروع ہونے سے گھنٹوں پہلے ہی ٹکٹ کیلیے شائقین کی لمبی قطاریں نظر آتی ہیں اور کچھ تو دن بھر محنت مزوری کے بعد شام کو گھر جانے کے بجائے ٹکٹ حاصل کرنے کیلیے سیدھے سٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں، ٹکٹ کے حصول کیلیے کوشاں بشارت نے کہا کہ کرکٹ دیکھنے اور خاص طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھنے کا شوق میچ شروع ہونے سے کئی گھنٹے پہلے ہی اسٹیڈیم کی جانب کھینچ لایا ہے کیونکہ رہائش دور ہے۔

وہاں جا کر پھر نہیں آ سکتے اس لیے ٹکٹ لے کر یہیں وقت گزاریں گے اور میچ دیکھ کر ہی جائیں گے۔ ارشد نے کہا کہ میچ کی ٹکٹ لینے سیدھا اسٹیڈیم پہنچا لیکن پتہ چلا کہ جمعے کو چھٹی کے باعث سب ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں اور جو مل رہی ہیں مہنگی ہیں، میچ دیکھ لوں گا تو دن بھر کی تھکن ختم ہو جائے گی۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے امین نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ دیکھا کیونکہ محمود اللہ کھیلے تھے۔ شارجہ میں دن بھر کام کے بعد دل بہلانے کیلیے اور تو کچھ نہیں اس لیے میچ دیکھنے چلے آتے ہیں۔ بھارتی شہری مکیش نے کہا کہ اگرچہ آئی پی ایل میں پاکستانی پلیئرز نہیں کھیلتے اور پی ایس ایل میں بھی کوئی بھارتی کھلاڑی موجود نہیں لیکن کرکٹ تو کرکٹ ہے جہاں بھی ہو دیکھنے جاتا ہوں۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *