دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، ایپکس کمیٹی پنجاب

749733-apexcommitteepanjab-1488110096-116-640x480لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک صفحے پر ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو اجتماعی کاوشوں سے زمین میں دفن کر دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے صوبے میں جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، عسکریت پسندی، فرقہ واریت اور اس کے مائنڈ سیٹ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک فوج نے پنجاب میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع کیلئے ہیلپ لائن جاری کردی
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، دہشت گردوں اور اس کے سہولت کاروں کو کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا جب کہ دیگر صوبوں کے ساتھ قریبی تعاون اور مل کر کام کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: آپریشن ردالفساد سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہوگا
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو اجتماعی کاوشوں سے ناکام بنا دیں گے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: فوجی عدالتوں کو دوبارہ قائم ہونا چاہیئے
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک صفحے پر ہے، سفاک قاتل بہادر پاکستانیوں کے غیرمتزلزل عزم کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ٹھکانہ جہنم ہے، انہیں دنیا و آخرت میں عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔
اپیکس کمیٹی اجلاس کے بعد شہباز شریف نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سکیورٹی صورتحال اور آپریشن ’رد الفساد‘ کا جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس جنگ میں مزید قربانیاں دینی پڑ سکتی ہیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمارا آج آنے والی نسلوں کی قسمت کا فیصلہ کر ے گا جب کہ تحفظ عامہ اور نئی نسل کا مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *