765256-oil-1489524237-227-640x480

تیل کی پیداوار97 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی

765256-oil-1489524237-227-640x480کراچی: ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر تلاش کی سرگرمیاں تیز ہونے کی وجہ سے دسمبر 2016میں ملکی سطح پر تیل کی پیداوار 97 ہزار بیرل یومیہ کی سطح تک پہنچ گئی جو دو سال کے دوران خام تیل کی بلند ترین پیداوار ہے، مقامی سطح پر تیل کی پیداوار میں اضافہ ناشپا اور مردان خیل کی نئی فیلڈز سے پیداوار کا نتیجہ ہے۔
دونوں فیلڈز دسمبر 2016میں تیل کی پیداوار میں 11فیصد اضافے کا سبب بنی ہیں اور ان فیلڈز سے مجموعی طور پر 10ہزار بیرل یومیہ پیداوار حاصل کی گئی ہے، مقامی سطح پر تیل کی پیداوار سے ملک میں خام تیل کی 20فیصد طلب پوری کی جارہی ہے جبکہ 80 فیصد طلب درآمدی خام تیل اور تیار مصنوعات سے پوری کی جاتی ہے، خام تیل کی مقامی پیداوار نومبر 2016تک 90ہزار بیرل یومیہ تک محدود تھی جبکہ جون 2016میں خام تیل کی مقامی پیداوار 87ہزار بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔ جون 2015 میں خام تیل کی مقامی پیداوار 95ہزار بیرل تھی۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے آئل کمپنیوں نے اپنی سرگرمیاں موخر کردی تھیں جس کی وجہ سے مقامی سطح پر پیداوار میں کمی کا سامنا کرنا پڑا، خام تیل کی پیداوار میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کا حصہ 50فیصد کی سطح پر برقرار ہے۔
دسمبر 2016کے دوران او جی ڈی سی کی پیداوار 48ہزار بیرل، پاکستان آئل فیلڈز کی پیداوار 18ہزار بیرل جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی پیداوار 8ہزار بیرل رہی، گیس کے کوئی خاطر خواہ بڑے ذخائر دریافت نہ ہونے کی وجہ سے خام تیل کے مقابلے میں گیس کی پیداوار 4ہزار ایم ایم سی ایف یومیہ کی سطح پر برقرار رہی، دسمبر 2016میں پی پی ایل کی کندھ کوٹ فیلڈ سے گیس کی پیداوار 205ایم ایم سی ایف یومیہ تک پہنچ گئی جو دسمبر 2015میں تکنیکی وجوہ کی بنا پر 89 ایم ایم سی ایف کی سطح تک کم ہوگئی تھی، اسی طرح شہداد پورکی فیلڈ سے یومیہ پیداوار 32 ایم ایم سی ایف تک پہنچ گئی۔




Leave a Reply