رمضان المبارک میں سحراورافطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، عابد شیرعلی

وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سحر اورافطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران عابد شہرعلی کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم کویہ نہیں کہا تھا کہ راتوں رات بجلی آجائے گی، ہماری کوششوں سے آج ملک میں کہیں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی جبکہ صنعتیں لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں، رواں برس کے آخر تک ملک میں بجلی کی پیداوار 21 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ جائے گی لیکن بجلی وہاں ملے گی جہاں لوگ بل دیتے ہیں چوری کرنے والوں کی بجلی کاٹ دیں گے ۔ رواں برس رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے وقت میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ گزشتہ برس ان ہی ایام میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک تھا لیکن رواں برس کئی علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی طلب بڑھی چند دن زیادہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہوا اوراس کی وضاحت ہم نے کی تھی۔

بجلی بحران پر اپوزیشن کے احتجاج پر وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر مخالفین لوڈشیڈنگ کم ہونے اور سستی بجلی دینے پراحتجاج کرنے جارہے ہیں، پنکھے اٹھا کراحتجاج کرنے والوں نے اپنے دور میں ایک میگاواٹ بھی پیدا نہیں کی۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *