مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید، حملے میں قابض اہلکار ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران مزید2 نوجوانوں کو شہیدکر دیا جبکہ حملے میں ایک قابض اہلکار بھی مارا گیا۔
قابض فوج نے ایک نوجوان کو سوپورکے علاقے ربن میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ سوپورکے کئی علاقوں میں نوجوان کے قتل اور فوجی آپریشن کیخلاف زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے۔ ہادی پورہ اور چٹلورہ کے رہائشیوں نے ربن کی طرف مارچ کی کوشش کی جبکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں قابض اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
قابض انتظامیہ نے سوپور میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی اور تعلیمی ادارے بندکردیے۔ ضلع شوپیاں میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے شوپیاں اور کولگام اضلاع کے20 دیہات میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے اسلام آباد قصبے میں پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کرکے ایک بھارتی اہلکارکو ہلاک اوردوسرے کو شدید زخمی کردیا۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *