انکم اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے آڈٹ کا اصولی فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دنیاکی تاریخ میں پہلی بار انکم ٹیکس و سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا آڈٹ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کیلیے باقاعدہ نظام متعارف کروایا جائے گا اور رُولز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔
اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ذرائع نے گزشتہ روز(جمعہ) ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اپنی زیر نگرانی اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی ڈاکٹر اقبال، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن خواجہ تنویر کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل براڈننگ آف ٹیکس بیسڈ اور ڈائریکٹر جنرل ودہولڈنگ ٹیکس شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تاریخی کام کرنے جارہا ہے، اس سے قبل دنیا میں کبھی ٹیکس پیئرز رجسٹریشن کا آڈٹ نہیں ہوا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس منصوبے میں کامیاب ہوگیا تو یہ دنیا کیلیے رول ماڈل ثابت ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے قائم کی جانے والی یہ کمیٹی ٹیکس پیئرز رجسٹریشن آڈٹ کا نظام اور رُولز کا مسودہ تیار کرنے کے حوالے سے اپنی رپورٹ تیار کریگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نظام کی تیاری کے لیے قائم کی جانیوالی کمیٹی کی نگرانی چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا خود کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس نظام کے متعارف کروانے سے جعلی انوائسز اور جعلی ریفنڈز کے اجرا کے ساتھ ساتھ دیگر نوعیت کی ٹیکس چوری روکنے میں مدد ملے گی۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *