ٹیکس چوری میں ملوث اسٹیل مل کا مالک گرفتار

اسلام آباد: ایف بی آرنے ٹیکس چوری میں ملوث لاہور کی اسٹیل ملز کے مالک محمد افتخارکو گرفتار کرلیا جبکہ واجبات15 کروڑ روپے کے واجبات کی ریکوری کیلیے اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور جائیداد ضبط کرکے نیلام کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے سینئر افسر نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ریجنل ٹیکس آف لاہور کی جانب سے 2013 میں تابش اسٹیل فرنس کی جانب سے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کا کیس پکڑ کر ایف آئی درج کی گئی تھی اوراس کیس میں تحقیقات کیلیے ڈپٹی کمشنر انٹیلی جنس انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن آر ٹی او لاہور محمد عمران کی سربراہی میں اعلی سطح کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیم نے تابش اسٹیل فرنس کیس میں تحقیقات مکمل کرکے ٹیکس واجبات کا تعین کیا اور تحقیقات کے دوران ملزم کی جانب سے 7 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری ثابت ہوئی ہے۔ کیس اسپیشل جج کسٹمز ،ٹیکسیشن اینڈ انسداد اسمگلنگ سردار طاہر صابر کی عدالت میں زیر سماعت تھا ، فاضل جج نے شواہد، گواہوں کے بیانات اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میںپیر کو تابش اسٹیل فرنس نامی اسٹیل ملز کے مالک محمد افتخار کی ٹیکس چوری ثابت ہونے پر 3 سال قید اور چوری کردہ7 کروڑ45 لاکھ 34 ہزار 989 روپے کے ٹیکس کی رقم کے برابر جرمانہ عائد کرنے کی سزا سنائی۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *