پاکستان ٹیسٹ ٹیم 13 ماہ میں عرش سے فرش پر آگئی

دبئی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم 13 ماہ میں عرش سے فرش پر آگئی، ایک سال پہلے ٹیسٹ چیمپئن شپ گرز ہاتھوں میں اٹھانے والی سائیڈ بدترین ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔
پاکستان نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے کے بعد سینئر فارمیٹ کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی تھی، تب آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن ٹیسٹ چیمپئن شپ گرز دینے خود پاکستان آئے تھے،13 ماہ بعد وہی پاکستانی ساتویں نمبر پر چلی گئی، اسے سری لنکا کے ہاتھوں 2 ٹیسٹ کی سیریز میں وائٹ واش ناکامی کی قیمت 5 پوائنٹس کٹوتی سے چکانا پڑی، ٹیم کے پوائنٹس اب 93 سے 88 ہوچکے جبکہ فاتح آئی لینڈرز 4 پوائنٹس حاصل کرکے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ یہ پاکستان کی کسی بھی ہوم سیریز میں فقط دوسری وائٹ واش ٹیسٹ سیریز ناکامی ہے، آخری مرتبہ اسے آسٹریلیا نے 2002-03 میں تین ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں زیر کیا تھا۔
پاکستان ٹیم کو اب آٹھویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز پر 13پوائنٹس کی برتری حاصل ہے جبکہ اس کے نیچے بنگلہ دیشی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 2 میچز کی سیریز میں وائٹ واش ناکامی پر دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا، پروٹیز نے ایک پوائنٹ کے ساتھ اپنی دوسری پوزیشن کو مضبوط بنایا ہے۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *