ہوم / ساؤتھ ایشیا / پاکستان / پاکستان و آئی ایم ایف مابین معاملات طے، تفصیلات خفیہ رکھنے پراتفاق

پاکستان و آئی ایم ایف مابین معاملات طے، تفصیلات خفیہ رکھنے پراتفاق

دبئی: پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان نئے پروگرام پر معاملات طے پاگئے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے کے دوران عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں فریقین کے درمیان آئی ایم ایف پروگرام پر معاملات طے پاگئے جب کہ فریقین نے معاہدے کی تفصیلات خفیہ رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات کررہا ہے، آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہتے ہیں۔
اس موقع پر کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے، پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے، پاکستانی معیشت میں استحکام معاشی اصلاحات اور فیصلہ کن پالیسیوں سے آئے گا۔
ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکج پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں اور حکومت پاکستان معیشت کے استحکام کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کر رہی ہے اور حکومت ملک میں سماجی تحفظ کو فروغ دے گی۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ملاقات کے حوالے سے ٹوئٹ بھی کی اور کہا کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں، اصلاحاتی عمل میں کم آمدن والوں کو تحفظ ملے گا۔
عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جاری آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کے تناظر میں گفتگو ہوئی جس میں ’میں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے‘۔
آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا، پاکستان کی حکومت درست سمت معاشی اقدامات کر رہی ہے اور معشیت کی بہتری کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف معاشی اصلاحات پر متفق ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور دیگر حکام کے ساتھ ایک روزہ دورے پر دبئی گئے تھے جہاں انہوں نے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں بھی شرکت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورے سے قبل کہہ چکے ہیں کہ چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے ایسی شرائط طے ہوں جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔

Check Also

اپوزیشن آئی ایم ایف ڈیل کے حوالے سے تفصیلات جاننے کی خواہاں

اسلام آباد:اپوزیشن جماعتیں عمران خان سے آئی ایم ایف ڈیل کی تفصیلات جاننے کی خواہاں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے