اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں عارضی شکایتی مرکز کے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا میں نیپرا سے متعلق خبر چلائی جا رہی ہے، خبر میں بتایا گیا کہ نیپرا نے اوور بلنگ کی شکایات کے اندراج کے لیے کراچی میں عارضی شکایتی مرکز قائم کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا کہ اوور بلنگ کی شکایات والے صارفین اپنا بل ادا نہ کریں، اتھارٹی وضاحت کرتی ہے نیپرا نے ایسا کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا۔
نیپرا اعلامیے میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ اوور بلنگ اور دیگر شکایات کے لیے نیپرا کا کراچی ریجنل آفس 2013 سے کام کر رہا ہے، ریجنل آفس صارفین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو بھی کراچی ریجنل آفس کھلا رہے گا، یہ فیصلہ موجودہ حالات کے تناظر میں صارفین کی سہولت کےلیے کیا گیا ہے۔