ریاض: سعودی وزارت صحت کے مطابق کسی بھی عازم حج میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی اور اب تک کوئی بھی حاجی کورونا سے متاثر نہیں پایا گیا۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حکومتی حاجیوں کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کررہی ہے جس کے تحت مقدس مقامات پر 6 اسپتال، 51 کلینکس، 200 ایمبولینس، 62 فیلڈ ٹیمیں، فیلڈ اسپتال اور موبائل کلینک سمیت حاجیوں کی رہائش گاہوں پر 3 کلینک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
Hajj pilgrims are safely performing Hajj rituals (Tawaf) while committing to all health measures. pic.twitter.com/C5eAdLLlWu
— Foreign Ministry 🇸🇦 (@KSAmofaEN) July 29, 2020
ترجمان نے بتایا کہ ارکان حج کی ادائیگی کے دوران حاجیوں کو کسی بھی قسم کی فوری طبی امداد اور ان کی صحت کی بہتری کے لیے ہر 50 حاجیوں کے گروپ کے ساتھ ایک طبی ورکر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گورنر مکہ کا کہنا ہےکہ اس سال محدود حج کے باوجود مختلف محکموں کے 40 ہزار اہلکار عازمین کی خدمت پر مامور ہیں جب کہ حج وعمرہ زائرین کے لیے خصوصی ائیر پورٹ کا منصوبہ زیرغور ہے، خصوصی ائیرپورٹ مکہ مکرمہ کے الفیصلیہ محلے میں قائم کیا جائے گا جو میدان عرفات سے قریب ہوگا۔
حج کے دوران شیطان کو کنکریاں مارنے کا رکن زمینی اور تیسری منزل سے کرائی جائے گی اور دونوں منزلوں پر شیطان کو کنکریاں مارنے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، حاجیوں کو رہائش سے جمرات کے پل لانے کے لیے گالف گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ جمرات کی رمی کے وقت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے علامتیں چسپاں کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ موسم خوشگوار بنانے اور سڑکوں کا درجہ حرارت کم کرنے کے لیے پھوار کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔