Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومبریکنگ نیوزخیبرپختونخوا حکومت کی ایم آئی17ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق،3اہلکار شہید

ٹرینڈنگ

خیبرپختونخوا حکومت کی ایم آئی17ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق،3اہلکار شہید

خیبر پختونخوا حکومت کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت کا لاپتہ ہونے والا سرکاری ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر چینگی بانڈہ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں سوار تین اہلکار شہید ہو گئے۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر سالار زئی جا رہا تھا تاہم خراب موسم کے باعث مہمند کی فضائی حدود میں اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ رابطہ بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ انہوں نے متاثرہ علاقے میں فوری ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے، جائے حادثہ کو محفوظ بنانے، شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

صوبائی حکومت کا ایک اور ہیلی کاپٹر اس وقت ضلع بونیر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے جہاں شدید بارشوں اور سیلاب نے درجنوں دیہات کو متاثر کیا ہے۔ مکانات تباہ ہو گئے، مویشی اور گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، اور مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے ضلع بونیر کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے کئی علاقے اس وقت سیلاب سے متاثر ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، ریسکیو آپریشن جاری، اور تمام اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حوصلہ اور اتحاد کا مظاہرہ کریں، ریسکیو ٹیموں سے تعاون کریں، اور سیاست سے بالاتر ہو کر متاثرین کی بحالی میں کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں