Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومامریکہپاک بھارت کشیدگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں،...

ٹرینڈنگ

پاک بھارت کشیدگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں، امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی صورتحال نہایت نازک ہے اور امریکا اسے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔

مارکو روبیو نے گفتگو کے دوران بتایا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا بظاہر ایک آسان عمل دکھائی دیتا ہے لیکن حقیقت میں یہ نہایت پیچیدہ اور کٹھن مرحلہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق تاریخ گواہ ہے کہ سیز فائر معاہدے اکثر زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتے اور معمولی واقعات بھی بڑے تصادم کو جنم دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں اس وقت جنگ بندی ایک نازک موڑ پر ہے، جسے برقرار رکھنے کے لیے دونوں ممالک کی سیاسی بصیرت اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ امریکا کی نظر صرف جنوبی ایشیا تک محدود نہیں بلکہ وہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں بھی تنازعات کے حل اور جنگ بندی کے امکانات کو مستقل بنیادوں پر دیکھ رہا ہے۔ ان کے بقول، عالمی سطح پر امن کو قائم رکھنے کے لیے امریکا اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے تاکہ کسی بھی خطے میں دوبارہ بڑے پیمانے پر تصادم شروع نہ ہو۔

روبیو نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جنگ بندی کو برقرار رکھنا سب سے مشکل مرحلہ ہے کیونکہ روس اب تک کسی مستقل معاہدے پر آمادہ نہیں ہوا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یوکرین کی جنگ ساڑھے تین برس سے جاری ہے اور کسی بھی لمحے جنگ بندی کی کوششیں ناکام ہو سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا مقصد صرف وقتی صلح یا ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا نہیں، بلکہ ایک ایسے امن معاہدے کی تشکیل ہے جو مستقبل کے لیے بھی دیرپا ثابت ہو۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس وقت ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جو نہ صرف موجودہ تنازعات کو ختم کریں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی امن اور استحکام کو یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں