پاکستان کا امریکا کی جانب سے بی ایل اے کودہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا خیرمقدم

پاکستان نے امریکا کے اس اہم اور خوش آئند فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور اس کے ذیلی گروپ “مجید بریگیڈ” کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف عالمی یکجہتی اور مشترکہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ پاکستان نے 18 جولائی 2024 کو مجید بریگیڈ پر باقاعدہ پابندی عائد کر دی تھی۔ بی ایل اے اور اس کا ذیلی گروپ متعدد خونی اور ہولناک حملوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں جعفر ایکسپریس اور خضدار بس پر حملے جیسے المناک واقعات شامل ہیں۔
ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر دیوار ہے، اور اس لعنت کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مقصد کے لیے عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے میں بتایا کہ بی ایل اے کو 2019 میں خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا، اور اب مجید بریگیڈ کو بھی باضابطہ طور پر اسی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر میں ہونے والے خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کا منصوبہ بھی اسی گروہ نے بنایا۔ اس اندوہناک واقعے میں 31 بےگناہ جانیں ضائع ہوئیں اور 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی سطح پر سخت اور مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔