Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومبریکنگ نیوزبھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی گرفتار

ٹرینڈنگ

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی گرفتار

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک بڑا سیاسی ڈرامہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب کانگریس کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو دہلی پولیس نے الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کرنے پر حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی تقریباً 300 اپوزیشن اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کی طرف بڑھ رہے تھے جب پولیس نے انہیں روک کر حراست میں لے لیا۔
مارچ سے قبل راہول گاندھی نے واضح کیا یہ سیاست نہیں آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔ یہ لڑائی ’ایک آدمی، ایک ووٹ‘ کے اصول کے لیے ہے۔ ہم ایک صاف اور شفاف ووٹر لسٹ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقت سب کے سامنے ہے مگر انہیں بولنے نہیں دیا جا رہا۔
مظاہرے کے دوران پولیس نے پریانکا گاندھی، سنجے راوت، ساگرِکا گھوش سمیت کئی دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا۔ اپوزیشن اتحاد “انڈیا بلاک” نے انتخابی فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شفافیت کے فقدان پر سخت احتجاج کیا۔

جوائنٹ کمشنر آف پولیس دیپک پروہت نے تصدیق کی کہ رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا ہے لیکن تعداد نہیں بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیمانے کے احتجاج کی اجازت نہیں تھی اور صرف تیس ارکانِ پارلیمنٹ کو الیکشن کمیشن تک جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس دیویش کمار مہلا کے مطابق، تیس ارکان کی اجازت کے باوجود دو سو سے زائد اراکین مارچ کرتے ہوئے پہنچ گئے۔ بعض نے بیریکیڈز پھلانگنے کی کوشش کی، جس پر انہیں روکا اور حراست میں لیا گیا۔

پارلیمنٹ کے باہر سے موصول ویڈیوز میں بڑی تعداد میں سیاست دان اور کارکن پلے کارڈز اٹھائے، نعرے لگاتے اور پولیس کی رکاوٹوں کو دھکیلتے نظر آئے۔ ایک ویڈیو میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو دو بیریکیڈز پھلانگتے دیکھا گیا۔

یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب راہول گاندھی نے گزشتہ ہفتے بی جے پی پر لوک سبھا انتخابات میں سو نشستوں پر دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نظام پر ڈیٹا سامنے آیا تو یہ “ایٹم بم” ثابت ہوگا۔
راہول گاندھی نے کہا تھا کہ اگر دھاندلی نہ ہوئی ہوتی تو مودی آج وزیرِاعظم نہ ہوتے۔ ان کے مطابق، جمہوریت کا دفاع کرنے والا ادارہ بھی مودی کے قبضے میں جا چکا ہے، اور مودی نے ووٹ کے ساتھ ساتھ عوام کا اعتماد بھی چھین لیا ہے۔

مزید پڑھیں