بنگلادیش کی انفلوئنسر بھارت میں گرفتار

کبھی بنگلہ دیش کی خوبصورتی کی علامت، ’مس ایشیا گلوبل 2019‘ کا تاج اپنے سر سجائے، اور یوٹیوب پر ہزاروں مداحوں کی پسندیدہ فوڈ بلاگر آج وہی شانتا پال بھارتی جیل میں قید ہیں، اور ان پر سنگین الزامات کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے۔
حال ہی میں کولکتہ پولیس نے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا، جہاں ابتدائی طور پر کسی اور غیر قانونی سرگرمی کی تلاش تھی۔ مگر وہاں جو کچھ ملا، اس نے پولیس حکام کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔
شانتا پال کی گرفتاری کے ساتھ ان کے قبضے سے برآمد ہوئیں
دو جعلی آدھار کارڈ
ووٹر آئی ڈی
راشن کارڈ
جعلی پین کارڈ
• اور حیرت انگیز طور پر بنگلہ دیشی پاسپورٹ، ایئرلائن اسٹاف کارڈ، اور ڈھاکہ کا ایڈمٹ کارڈ
شانتا پال نہ صرف ایک سابقہ کیبن کریو تھیں، بلکہ وہ بنگلہ دیشی یوٹیوب اسپیس پر ایک معتبر نام بھی بن چکی تھیں۔ کولکتہ میں قیام کے دوران، ان کا یوٹیوب چینل بنگالی کھانوں، مقامی اسٹریٹ فوڈ اور زندگی کے وی لاگز سے بھرا ہوا تھا۔ ان کے ہزاروں سبسکرائبرز ان کے انداز، اعتماد اور دلکش شخصیت کے گرویدہ تھے۔
شانتا 2023 کے آخر میں بزنس ویزا پر بھارت آئیں۔ لیکن قانونی قیام کی مدت مکمل ہونے کے بعد بھی ملک میں رہنے کا فیصلہ ان کے لیے مشکلات کا سبب بن گیا۔
الزام یہ ہے کہ انہوں نے ایک منظم نیٹ ورک کی مدد سے بھارتی شناختی دستاویزات حاصل کیں تاکہ خود کو مقامی شہری ظاہر کر سکیں اور یہی چال ان کی گرفتاری کا سبب بنی۔ ایک معمول کی چیکنگ کے دوران درست ویزا نہ ہونے پر حکام کو شک ہوا، جس کے بعد کی گئی تفتیش میں مکمل جعلسازی بے نقاب ہو گئی۔
شانتا پال کی کہانی کئی سوالات چھوڑ جاتی ہے: کیا شہرت کی خواہش میں انہوں نے سرحدوں، شناختوں اور قوانین کو پامال کر دیا؟ یا وہ کسی بڑے نیٹ ورک کا مہرہ بنیں؟