بھارت: خون کے دھبے دیکھ کر طالبات کو برہنہ کر کے جانچ، پرنسپل سمیت دو خواتین گرفتار

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے تھانے ضلع میں ایک آل گرلز سکول کی پرنسپل اور ایک ٹیچر کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب مبینہ طور پر ٹوائلٹ میں خون کے دھبے دیکھنے کے بعد 10 سے 15 طالبات کو برہنہ کر کے پیریڈز کی جانچ کی گئی۔
واقعہ منگل کو پیش آیا، جب پانچویں سے دسویں جماعت تک کی طالبات کو ایک ہال میں بلا کر تصاویر کے ذریعے سوالات کیے گئے۔ انکار کرنے والی لڑکیوں کو زبردستی ٹوائلٹ لے جا کر برہنہ کیا گیا۔
متاثرہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں مزید چار اساتذہ اور دو ٹرسٹیز کے نام بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار خواتین کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
والدین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لڑکیاں ذہنی صدمے میں ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی ماہواری کے حوالے سے ایسے توہین آمیز واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جن پر انسانی حقوق کے ادارے شدید تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔